
شیخ الحدیث حضرت مولانا زکریا کاندھلوی رحمۃ اللہ علیہ حجاز کے سفر پر تھے ، وہاں سے آپ نے حضرت مولانا محمد یوسف بنوری اور حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمھما اللہ تعالیٰ کو خط لکھا ، اس خط میں مدارس و اہل مدارس کے لیے فتنوں سے بچاؤ کی بہترین صورت ذکر فرمائی۔ اگر اس خط کو دل کی آنکھوں سے پڑھا جائے تو اس میں ہمارے لیے نسخہ تریاق موجود ہے
یہ خط البلاغ مفتی اعظم نمبر کے شروع ہی میں حضرت شیخ الحدیث رحمہ اللہ کے مضمون کے ذیل میں موجود ہے ۔حضرت شیخ الحدیث رحمہ اللہ تعالیٰ ان دونوں بزرگوں کو تحریر فرماتے ہیں:
’’ مدارس کے روز افزوں فتن ،طلباء کی دین سے بے رغبتی بے توجہی اور لغویات میں اشتغال کے متعلق کئی سال سے میر ے ذہن میں آرہا ہے کہ مدارس میں ذکراللہ کی بہت کمی ہوتی جارہی ہے، بلکہ معدوم بلکہ اس لائن سے تو بعض میں تنفر کی صورت دیکھتا ہوں ، جو میرے نزدیک بہت خطرناک ہے۔ہندوستان کے مشہور مدارس دارالعلوم ،مظاہر علوم ، شاہی مسجد مراد آباد وغیر ہ کی ابتدا جن اکابر نے کی تھی، وہ سلوک میں بھی امام الائمہ تھے۔ ان ہی کی برکات سے یہ مدارس ساری مخالف ہوائوں کے باوجود اب تک چل رہے ہیں۔ میں اس مضمون کو کئی سال سے اہلِ مدارس منتظمین اور اکابر کی خدمت میں تحریرا ً و تقریراً لکھتا اور کہتا رہا ہوں، میرا خیال یہ ہے کہ آپ جیسے حضرات اس کی طرف توجہ فرمائیں تو مفید اور موثرزیادہ ہوں گے، مظاہر علوم میں تو میں کس درجہ میں اپنے ارادہ میں کامیاب ہوں اور دارالعلوم کے متعلق جناب الحاج حضرت قاری محمد طیب صاحب سے بارہا تقریراً اورتحریراً عرض کر چکا ہوں اور بھی اپنے سے تعلق رکھنے والے اہلِ مدارس کو متوجہ کرتا رہتا ہوں ،مدارس کے روز افزوں فتنوں سے بہت ہی طبیعت کو کلفت پہنچتی رہتی ہے، میرا خیال یہ ہے کہ فتنوں سے بچاؤ کی صورت صرف ذکراللہ کی کثرت ہے ،جب اللہ کا نام لینے ولا کوئی نہ رہے گا تو دنیا ختم ہو جائے گی جب اللہ تعالیٰ کے پاک نام کو اتنی قوت ہے کہ ساری دنیا کا وجود اسی سے قائم ہے چارے دنیا کے مقابلہ میں دریا کے مقابلہ میں قطرہ بھی نہیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے پاک نام کو ان کی بقاء اور تحفظ میں جتنا دخل ہوگا وہ ظاہر ہے۔ اکابر کے زمانہ میں ہمارے ان جملہ مدارس میں اصحابِ نسبت و ذاکرین کی کثرت جتنی رہی ہے، وہ آپ سے بھی مخفی نہیں ہے اور اب اس میں جتنی کمی ہوگئی ہے وہ بھی ظاہر ہے، بلکہ اگر یوں کہو کہ اس پاک نام کے مخالف حیلوں بہانوں سے مدارس میں داخل ہوتے جا رہے ہیں تو میرے تجربہ میں غلط نہیں، اس لیے میری تمناّ ہے کہ ہر مدرسہ میں کچھ ذاکرین کی تعداد ضرور ہوا کرے ۔طلباء کے مستقل طور پر ذکر کرنے کے تو ہمارے اکابرؒ بھی خلاف رہے ہیں اور میں بھی موافق نہیں، تصوف کے اذکار و اشغال میں مستقل لگنا تعلیم کے ساتھ جمع نہیں ہو سکتا ، لیکن منتہی طلبا یا فارغ التحصیل یا اپنے سے یا اکابر سے تعلق رکھنے والے ذاکرین کی کچھ تعداد مدارس میں علی التبادل ضرور رہا کرے اور مدرسہ ان کے قیام کا کوئی انتظام کر دیا کرے ، مدرسہ پر طعام کا بار ڈالنا تو مجھے بھی گوارا نہیں کہ طعام کا انتظام تو مدرسے کے اکابر میں سے کوئی شخص ایک یا دو اپنے ذمہ لے لے، یا باہر سے مخلص دوستوں میں سے کسی کو متوجہ کر کے ایک ایک ذاکر کا کھانا اس کے حوالے کر دے، جیسا کہ ابتداء میں مدارس کے طلبا کا انتظام اسی طرح ہوتا تھا،البتہ اہلِ ِمدارس ان کے قیام کی کوئی صورت اپنے ذمہ لے لیں، جو مدرسہ میں ہو اور ذکر کی کوئی ایسی مناسب تشکیل کریں کہ دوسرے طلباء کا کوئی حرج نہ ہو ، نہ سونے والوں کا نہ مطالعہ کرنے والوں کا۔ جب تک اس ناکارہ کا قیام سہارنپور میں رہا تو ایسے لوگ بکثرت رہتے تھے ، جو میرے مہمان ہو کر ان کے کھانے پینے کا انتظام تو میرے ذمہ تھا ، لیکن قیام اہل مدرسہ کی جانب سے مدرسہ کے مہمان خانہ میں ہوتا تھا اور وہ بدلتے رہتے تھے ، صبح کی نماز کے بعد میرے مکان پر ان کے ذکر کا سلسلہ ایک گھنٹہ تک ضرور رہتا تھا اور میری غیبت میں سنتا ہوں کہ عزیز طلحہ (حضرت شیخ الحدیث رح کے صاحبزادے ، از محشی ) کی کوشش سے ذاکرین کی وہ تعداد اگرچہ نہ ہو مگر ۲۰ ، ۲۵ کی تعداد روزانہ ضرور ہو جاتی ہے ، میرے سہارنپور کے قیام کے زمانہ میں تو ۱۰۰ ،۱۲۵ تک پہنچ جاتی ہے اور غیبت کے زمانہ میں بھی سنتا ہوں کہ ۴۰، ۴۵ کی تعداد عصر کے بعد جمعہ کے دن ہو جاتی ہے ، ان میں باہر کے مہمان بھی ہوتے ہیں جو ۱۰ ، ۱۲ تک اکثر ہو جاتے ہیں ۔ عزیز مولوی نذیر الدین سلمہ ، اللہ تعالی اس کو بہت جزائے خیر دے ان کے کھانے کا انتظام میرے کتب خانہ سے کرتے رہتے ہیں ۔ اسی طرح میری تمنا ہے کہ ہر مدرسے میں دو چار ذاکرین مسلسل ضرور رہیں ، داخلی اور خارجی فتنوں سے بہت امن کی امید ہے، ورنہ مدارس میں جو داخلی اور خارجی فتنے بڑھتے جا رہے ہیں ، اکابر کے زمانہ سے جتنا بُعد ہوتا جائے گا ، اس میں اضافہ بھی ہو گا ۔ اس ناکارہ کو نہ تحریر کی عادت نہ تقریر کی، آپ جیسا کوئی شخص میرے اس مافی الضمیر کو زیادہ وضاحت سے لکھتا تو شاید اہلِ ِمدارس کے نزدیک اس مضمون کی اہمیت زیادہ ہو جاتی۔ اس ناکارہ کے رسالہ فضائلِ ذکر میں حافظ ابن قیم رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب الوابل الصیب سے ذکر کے سو کے قریب فوائد نقل کیے گئے ہیں ،جن میں شیطان سے حفاظت کی بہت سی وجوہ ذکر کی گئی ہیں، شیاطینی اثر ہی سارے فتنے و فساد کی جڑ ہے۔ فضائلِ ذکر سے یہ مضمون بھی اگر جناب سن لیں تو میرے مضمون بالا کی تقویت ہوگی ۔ میرا مضمون تو اس قابل نہیں ،جو اہل ِمدارس پر کچھ اثر انداز ہو سکے ،آپ میری درخواست کو زور دار الفاظ میں نقل کرا کر اپنی یا میری طرف سے بھیج دیں تو شاید کسی پر اثر ہو جائے دارالعلوم ،مظاہرعلوم ، شاہی مسجد کے ابتدائی حالات آپ کو مجھ سے بھی زیادہ معلوم ہیں کہ کن صاحبِ نسبت اصحابِ ذکر کے ہاتھوں ان کی ابتداء ہوئی ، ان ہی کی برکات سے یہ مدارس چل رہے ہیں ، یہ ناکارہ دعاوُں کا بہت محتاج ہے بالخصوص حسن ِخاتمہ کا، کہ گور میں پائوں لٹکائے بیٹھا ہے ۔ فقط والسلام ۔"
حضرت شیخ الحدیث صاحب بقلم حبیب اللہ ۳۰ نومبر ۷۵ مکہ مکرمہ"
(بحوالہ ، البلاغ مفتی اعظم نمبر ، جلد اول )
💬 آپ کی رائے اور تبصرہ جات:
0 تبصرے درج ہیں